ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ کے ویزوں اور زائرین کی روانگی کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ ویزے جاری کرنے کا آخری دن شوال کا پہلا دن ہوگا جب کہ عازمین کو 15 شوال سے پہلے ملک میں داخل ہونا ضروری ہے۔ عمرہ زائرین کو ذوالقعدہ کے پہلے دن تک ملک چھوڑنا ہوگا۔
یہ اعلان سعودی عمرہ کمپنیوں کے ساتھ وزارت کی مسلسل 17ویں ورچوئل میٹنگ کے دوران کیا گیا، جہاں حکام نے عمرہ اور حج دونوں سیزن سے متعلق ضوابط کی تعمیل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
میٹنگ میں، وزارت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حج کا سفر درست حج ویزہ کے ساتھ ہونا چاہیے، جو عمرہ ویزے کے ذریعے نہیں کیا جا سکتا۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی صورتحال کے باوجود حج 2026 کے انتظامات شیڈول کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔ عازمین حج کے لیے ویزوں کے اجراء کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ حج پروازوں کا شیڈول عید الفطر کے بعد جاری کیا جائے گا۔ عازمین کی ضروری سہولیات کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ترجمان نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج سے متعلق کسی بھی مستند معلومات کے لیے “پاک حج ایپ” یا وزارت کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔
وفاقی کابینہ نے رواں سال حج کوٹہ کی تقسیم میں بھی اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ حج پالیسی 2026 کے تحت سرکاری حج سکیم کا کوٹہ بڑھا کر 70 فیصد کر دیا گیا ہے جب کہ پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جب کہ سال 2025 میں پاکستان کا کل حج کوٹہ 179,210 تھا جسے حکومت اور نجی شعبوں میں مساوی طور پر تقسیم کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، ایران پر برطانیہ کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا


