اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پاکستان سے پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی۔
وزارت کے مطابق، سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ 18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پہلی پروازیں روانہ ہوں گی۔
سرکاری اسکیم کے تحت 1 لاکھ 19 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا، جن میں 67 ہزار 230 مرد اور 51 ہزار 846 خواتین شامل ہیں۔ حج آپریشن کے پہلے روز عازمین کو چار پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔
جدہ کے لیے حج پروازیں 4 مئی سے شروع ہوں گی، جبکہ مدینہ منورہ کے لیے پہلی حج پرواز 7 مئی کو روانہ ہوگی۔ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی، اور حج آپریشن 34 روز جاری رہے گا۔ پہلے 15 دنوں میں زیادہ تر عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔
مدینہ منورہ کے لیے مجموعی طور پر 186 پروازیں جبکہ جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی۔ حج آپریشن میں پی آئی اے، ایئربلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حصہ لے رہی ہیں۔
پاکستان کے 8 شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی جن میںاسلام آباد سے 129،کراچی 124 اور لاہور سے 104 پروازیں چلیں گی جب کہ کوئٹہ سے 18 ،ملتان سے 34 اور سیالکوٹ سے 26 حج پرواز روانہ ہوں گی۔ فیصل آباد سے 23 ،سکھر سے 5حج پروازیں عازمین کوسعودی عرب لے جائیں گی۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین حج سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے پروازوں کے شیڈول اور رہنمائی کے لیے بروقت رجوع کریں تاکہ حج آپریشن بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔
مزید پڑھیں:حکومت کا نیا پلان، اندراج کروائیں اور پیٹرول فوراً حاصل کریں





