کراچی (نیوز ڈیسک) تاجر برادری نے حکومت کے ’سمارٹ لاک ڈاؤن‘ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رات 8:30 بجے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں بند کرنے کے لیے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی تاجر برادری نے ملک میں توانائی کی بچت اور ایندھن کے بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے ممکنہ لاک ڈاؤن اور کاروباری اوقات میں تبدیلی کی مکمل حمایت کی ہے۔
چیئرمین سندھ تاجر اتحاد اور صدر آل پریذیڈنٹ الائنس آف مارکیٹ اینڈ مال ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ تاجر برادری ملکی مفاد میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔
چیئرمین سندھ تاجر اتحاد شیخ حبیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے توانائی کی بچت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی اور سندھ حکومتیں رات 8 بجے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں تو تاجر برادری اس کے سامنے سرتسلیم خم کرے گی، ملک کو توانائی کے بحران سے نکالنے کے لیے یہ اقدامات ضروری ہیں۔
آل صدر الائنس آف مارکیٹ اینڈ مال ایسوسی ایشن کے صدر فہیم نوری نے ’سمارٹ لاک ڈاؤن‘ کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری رات 8:30 بجے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں بند کرنے کے لیے تیار ہے۔
دنیا اس وقت حالت جنگ میں ہے اور ہمیں سیاسی اختلافات بھلا کر صرف ملک کا سوچنا ہوگا۔
عوام سے اپیل ہے کہ ایندھن کا بحران ختم ہونے تک مقررہ اوقات میں بازار میں خریداری کی عادت ڈالیں۔
تاجر رہنمائوں کا متفقہ طور پر کہنا ہے کہ ایندھن اور بجلی کی بچت سے ہی معیشت کو سہارا دیا جا سکتا ہے، تاجر برادری مشکل کی اس گھڑی میں حکومت کے ساتھ ہے۔
مزید پڑھیں:آج سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ سونا 4 لاکھ 68 ہزار روپے تک پہنچ گیا
