اسلام آباد(اوصاف نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و وزیر خارجہ (متعدد امور) اسحاق ڈار نے ازبکستان کی وزیر خارجہ کے ساتھ اہم ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، خطے میں امن اور دو ہفتے کی جنگ بندی سمیت علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران ازبک وزیر خارجہ نے پاکستان کی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کے اقدامات خطے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے دو ہفتے کی جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور عالمی سطح پر اس کی اہمیت پر زور دیا۔
گفتگو میں دونوں فریقین نے خطے میں پائیدار امن قائم رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان نے خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے عزم کا اظہار کیا اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے سفارتی رابطوں کو مزید مضبوط کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
یہ بات بھی سامنے آئی کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں، امن اقدامات اور ثالثی کی کوششوں کو ازبک حکومت نے مکمل حمایت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف نے جرمن چانسلر کے ستائشی ٹویٹ کا شکریہ ادا کیا
