ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں اپریل کے وسط تک ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام عمرہ زائرین 18 اپریل تک اپنی واپسی کو یقینی بنائیں اور اپنے ویزوں کی میعاد ختم ہونے کے بعد کسی بھی صورت میں سعودی عرب میں قیام نہ کریں۔ 18 اپریل کے بعد صرف حج ویزہ رکھنے والوں کو ہی مکہ میں رہنے کی اجازت ہوگی۔
حکام کے مطابق مکہ مکرمہ میں بغیر اجازت مقامی اور غیر ملکی افراد کے داخلے پر آج سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ حج سیزن کی تیاریوں کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ آنے والے عازمین حج کے لیے انتظامات کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ عمرہ ویزا صرف ایک مخصوص مدت کے لیے کارآمد ہے اور اس کی خلاف ورزی سعودی قوانین کی سنگین خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔ عمرہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام عازمین کی بروقت روانگی کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں مکمل تعاون کریں۔
کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عازمین کی واپسی کے شیڈول سے آگاہ کریں اور کسی قسم کی تاخیر سے بچنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کریں۔
سعودی وزارت حج نے خبردار کیا ہے کہ ویزے کی مدت سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جس میں قید اور جرمانے دونوں شامل ہو سکتے ہیں۔
حکام نے زائرین پر زور دیا ہے کہ وہ قوانین کی پابندی کریں اور کسی بھی قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے مقررہ وقت کے اندر واپسی کو یقینی بنائیں۔
وزارت نے مزید کہا ہے کہ سعودی عرب جانے والے عازمین کے لیے بنائے گئے قواعد و ضوابط ان کی سہولت اور نظم و ضبط کے لیے ہیں، اس لیے ان پر عمل کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں:ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے بڑی خبر
