کراچی (نیوز ڈیسک) سکولوں میں طلبا کی حاضری کو بہتر بنانے کے لیے جدید ’سٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم‘ متعارف کرایا گیا ہے، جس میں ہر طالب علم کو ایک منفرد شناختی نمبر جاری کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کی حاضری کو بہتر بنانے اور سکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے کے لیے جدید ’سٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم‘ کی منظوری دے دی ہے۔
اس نئے ڈیجیٹل منصوبے کی تفصیلات وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کی گئیں۔
نئے ڈیجیٹل پراجیکٹ کے تحت ہر طالب علم کو ایک منفرد شناختی نمبر (یونک آئی ڈی) جاری کیا جائے گا اور اساتذہ روزانہ کی بنیاد پر موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے حاضری لیں گے، جس کا ڈیٹا صوبائی اور ضلعی سطح پر لائیو ڈیش بورڈ پر نظر آئے گا۔
اگر کوئی طالب علم مسلسل غیر حاضر رہتا ہے تو اساتذہ اور متعلقہ حکام کو خودکار الرٹس موصول ہوں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ سسٹم اساتذہ کے موبائل فونز کے ذریعے چلایا جائے گا اور انٹرنیٹ اور ڈیٹا کے اخراجات سکول کے بجٹ سے ادا کیے جائیں گے۔
اجلاس کو سرکاری یونیورسٹیوں کے 20 ہزار مستحق طلباء کو وظائف فراہم کرنے کی تجویز پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ان اسکالرشپس کا مقصد نوجوانوں کو ہنر سکھانا ہے جو موجودہ ڈیجیٹل مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس نظام سے نہ صرف حاضری میں شفافیت آئے گی بلکہ اساتذہ کی مانیٹرنگ میں بھی بہتری آئے گی۔
مزید پڑھیں:بڑی خبر،ڈونلڈ ٹرمپ تشویش میں مبتلا،وجہ سامنے آگئی
