کراچی (شوبز ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار آغا علی ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے تاہم انہوں نے پیشہ ورانہ عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف کام جاری رکھا بلکہ تجربے کو اپنی محنت کا حصہ بھی قرار دیا۔
اداکار نے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے پیغام میں کہا کہ ایکشن سین کی شوٹنگ کے دوران ریہرسل مکمل ہونے کے باوجود ساتھی اداکار کا جوتا ان کے ہاتھ پر لگا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا اور ہاتھ زخمی ہوگیا۔ اس غیر متوقع حادثے کے باوجود انہوں نے شوٹنگ روکنے کے بجائے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
آغا علی کے مطابق انہوں نے زخموں کو میک اپ سے ڈھانپ لیا اور صبح 4 بجے تک کام مکمل کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ بطور فنکار اپنی ذمہ داری نبھانا ضروری ہے چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔
انہوں نے اس واقعے کو اپنے مداحوں کے لیے ایک مثبت پیغام میں بدلتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا سفر آسان نہیں ہوتا، راستے میں مشکلات ضرور آتی ہیں لیکن ثابت قدمی اور ہمت انسان کو منزل تک لے جاتی ہے۔ اداکار نے امید ظاہر کی کہ ان کا پراجیکٹ شائقین کو ضرور پسند آئے گا۔
واضح رہے کہ آغا علی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا ایک جانا پہچانا نام ہے، جنہوں نے 2005 میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور ’دل گماں‘، ’میں ہری پیا‘ اور ’میرے مہربان‘ جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ گانے اور نغمہ نگاری میں بھی ماہر ہیں اور مختلف ساؤنڈ ٹریکس میں اپنی آواز کا جادو بکھیر چکے ہیں۔
مزید پڑھیں :پنڈی میں تعطیل کا جعلی نوٹی فکیشن وائرل


