جدہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں حج کیلئے آنے والے پاکستانی عازمین کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومتِ پاکستان نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں جدید کلینکس قائم کرنا شروع کر دیے ہیں۔
حکام کے مطابق مرحلہ وار منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 35 جدید کلینکس قائم کیے جا رہے ہیں جہاں عازمینِ حج کو 24 گھنٹے طبی سہولیات میسر ہوں گی۔ ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے مکہ مکرمہ میں ایک کلینک کے دورے کے دوران بتایا کہ حکومت عازمین کی تمام طبی ضروریات پوری کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
ان کے مطابق مکہ مکرمہ میں 35 ڈسپنسریاں جبکہ مدینہ منورہ کے مرکزیہ علاقے میں 2 ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مدینہ میں عازمین کی مسلسل نقل و حرکت کے باعث محدود ڈسپنسریاں رکھی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہر کلینک میں 3 سے 4 ایمبولینسز 24 گھنٹے موجود ہیں جبکہ آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) کے ذریعے اب تک 8 ہزار سے زائد اقسام کی ادویات مفت فراہم کی جا چکی ہیں۔ کلینکس میں جدید لیبارٹری سہولیات بھی دستیاب ہیں جہاں 28 اقسام کے تشخیصی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق 18 اپریل سے شروع ہونے والے پری حج فلائٹ آپریشن کے بعد اب تک 20 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، جبکہ رواں سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی حج ادائیگی متوقع ہے۔
حکام کے مطابق حج آپریشن کے دوران عازمین کی نقل و حمل، رہائش اور دیگر انتظامات کے ساتھ جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:پی سی بی کا پی ایس ایل فائنل کیلئے بڑا فیصلہ





