ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے سخت سزائیں دینے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب نے حج کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حج کرنے والوں یا بغیر اجازت حج کرنے کی کوشش کرنے والوں کو بھاری جرمانے اور دیگر جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزارت داخلہ کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں 20 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ، ملک بدری اور 10 سال کے لیے ملک میں دوبارہ داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ یہ اقدامات 18 اپریل سے نافذ العمل ہیں اور 31 مئی تک جاری رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد حج انتظامات کو منظم کرنا اور عازمین حج کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ ان کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکیوں کو ان کے ملک واپس بھیج دیا جائے گا اور ان پر طویل عرصے تک دوبارہ داخلے پر پابندی ہوگی۔
وزارت نے شہریوں اور تارکین وطن سے اپیل کی ہے کہ وہ حج قوانین کی مکمل پابندی کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔ مکہ مکرمہ، مدینہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں رپورٹ کے لیے 911 جبکہ دیگر علاقوں میں 999 پر کال کی جائے۔
مزید پڑھیں:کیا واقعی کنگنا اور راہول گاندھی شادی کر رہے ہیں؟
