Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

ڈاکوؤں نے 10 تولہ سونا اور لاکھوں روپے لوٹ لیے، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

کراچی(Karachi) میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں دن دہاڑے ہونے والی دو بڑی وارداتوں میں ڈاکو لاکھوں روپے نقدی، سونا، چاندی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ دونوں واقعات کی ویڈیوز اور سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آ گئی ہیں۔

پہلا واقعہ کراچی کے علاقے موسمیات چورنگی کے قریب مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں چار مسلح ڈاکو سفید رنگ کی گاڑی میں سوار ہو کر ایک رہائشی گھر پہنچے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے گھر میں داخل ہوتے ہی اہل خانہ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا اور پورے گھر کی تلاشی شروع کر دی۔

ذرائع کے مطابق ڈاکو گھر سے تقریباً 10 تولہ سونا، 10 لاکھ روپے سے زائد نقدی، لائسنس یافتہ اسلحہ اور دیگر قیمتی سامان ساتھ لے گئے۔ واردات کے دوران اہل خانہ شدید خوف میں مبتلا رہے جبکہ ملزمان کافی دیر تک اطمینان سے گھر میں موجود رہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں ملزمان کو گھر کے باہر اور اطراف میں نقل و حرکت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق ابتدائی طور پر واردات میں ملوث گروہ کے منظم ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب شہر قائد کے علاقے کریم آباد میں شارعِ پاکستان پر فلائی اوور کے قریب ایک اور بڑی واردات پیش آئی جہاں بولٹن مارکیٹ جانے والے ایک سنار کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔ پولیس کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین ملزمان نے شہری کی موٹر سائیکل کے قریب آ کر اچانک چابی نکال لی، جس سے موٹر سائیکل بند ہو گئی۔

موٹر سائیکل رکتے ہی ملزمان نے اسلحہ تان کر شہری کو یرغمال بنایا اور ہیلمٹ میں رکھی 23 لاکھ روپے نقد رقم اور ایک کلو چاندی کا بسکٹ چھین لیا۔ واردات کے بعد ملزمان تیزی سے لیاقت آباد کی جانب فرار ہو گئے۔

پٹرول کی قیمت میں ممکنہ اضافہ،فی لٹر کتنا مہنگا ہو گا

اس دوران قریب موجود ایک شہری نے پوری واردات اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کر لی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔ متاثرہ سنار نے فوری طور پر مددگار 15 پر اطلاع دی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں وارداتوں کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی اور موبائل فوٹیجز کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش جاری ہے۔

شہریوں اور تاجروں نے شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی روک تھام کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں