لاہور (سپورٹس ڈیسک) کرکٹ ویسٹ انڈیز نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
شیڈول کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ جولائی میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو اہم ٹیسٹ میچز میں مدمقابل ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق جاری کردہ شیڈول میںپاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 25 جولائی سے شروع ہوگا جب کہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 2 اگست سے کھیلا جائے گا۔
دونوں میچز ویسٹ انڈیز کے جزیرے ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے مختلف سٹیڈیمز میں ہوں گے۔
یہ سیریز پاکستانی ٹیم کے لیے عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تناظر میں بہت اہم قرار دی جا رہی ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔
پاکستانی ٹیم حالیہ دنوں میں ٹیسٹ کرکٹ میں اتار چڑھاؤ کا سامنا کر رہی ہے جب کہ ویسٹ انڈیز بھی ہوم گراؤنڈ پر بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔
کرکٹ کے شائقین اس سیریز میں دلچسپ اور سنسنی خیز میچوں کی توقع کر رہے ہیں، خاص طور پر ٹرینیڈاڈ کی وکٹیں ہمیشہ فاسٹ باؤلرز اور اسپنرز دونوں کے لیے مددگار سمجھی جاتی رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ ویسٹ انڈیز سیریز کے انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں جب کہ دونوں ٹیموں کے سکواڈز کا اعلان بھی جلد متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس کب ہوگا؟ تاریخ سامنے آگئی




