مکہ مکرمہ میں نیا عمرہ سیزن باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے اور عمرہ کمپنیوں نے نئے ویزے جاری کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق یکم جون سے دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین جدہ اور مدینہ منورہ کے ایئرپورٹس کے ذریعے مملکت میں داخل ہو سکیں گے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ نئے سیزن میں گزشتہ برس کی عمرہ پالیسی کو برقرار رکھا گیا ہے۔ زائرین کے لیے ایڈوانس ہوٹل بکنگ، واپسی اور آمد کے کنفرم ٹکٹ جبکہ ٹرانسپورٹ کی پیشگی تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بغیر ہوٹل بکنگ عمرہ ویزے پر آنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکتی ہے، جس میں جرمانے اور دیگر قانونی اقدامات شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ سال قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی متعدد عمرہ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی جبکہ قواعد پر عمل کرنے والی کمپنیوں کو خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ نئی عمرہ کمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے۔
دوسری جانب نیا عمرہ سیزن شروع ہوتے ہی عمرہ پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وہ پیکجز جو حج سے قبل تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار روپے میں دستیاب تھے، اب 2 لاکھ 50 ہزار سے 2 لاکھ 60 ہزار روپے تک پہنچ گئے ہیں۔
فضائی کمپنیوں نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے اور بعض روٹس پر ٹکٹ کی قیمت ایک لاکھ 70 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث بہت سے پاکستانی زائرین تشویش کا اظہار کر رہے ہیں جو حج کے بعد عمرہ ادا کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
ادھر سعودی حکومت نے حج 2027 کی ابتدائی پالیسی اور شیڈول بھی جاری کر دیا ہے تاکہ مختلف ممالک اور حج آپریٹرز بروقت اپنی تیاریوں کا آغاز کر سکیں۔