اسلام آباد: این ڈی ایم اے موسمی الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
جاری الرٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، میانوالی، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول چترال، سوات، کالام، مالاکنڈ، مردان، نوشہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، شگر، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، پونچھ، کوٹلی اور بھمبر میں بھی بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے موسمی الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق قراقرم ہائی وے، جگلوٹ اسکردو روڈ، ناران روڈ، دیوسائی روڈ اور شگر ویلی روڈ سمیت متعدد شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے پہلے موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
ادارے نے تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ عوام سے کہا گیا ہے کہ بروقت معلومات کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ سے استفادہ کریں۔
