اسلام آباد ،مظفرآباد (رضوان عباسی ) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2026 کے شیڈول کے اجرا کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کے تقرر و تبادلوں، نئی ترقیاتی اسکیموں کے اجرا اور سرکاری فنڈز کی تقسیم پر پابندی عائد کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام سرکاری اداروں اور محکموں کو فوری طور پر انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن ایکٹ 2020 کے تحت اسے صاف، شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے خصوصی اختیارات حاصل ہیں۔ مراسلے کے مطابق انتخابی شیڈول کے اجرا کے بعد کسی بھی سرکاری ملازم کا تقرر یا تبادلہ الیکشن کمیشن کی پیشگی منظوری کے بغیر نہیں کیا جا سکے گا، جبکہ نئی آسامیوں کی تخلیق پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
ہدایات میں وزراء، مشیران اور اراکین اسمبلی کو زکوٰۃ فنڈ، اوقاف فنڈ، بیت المال، سوشل ایکشن پروگرام اور دیگر سرکاری و ترقیاتی فنڈز کی تقسیم سے روک دیا گیا ہے۔ اسی طرح بجلی کے کھمبوں، پانی کے پائپوں، تعمیراتی سامان اور دیگر سرکاری وسائل کی تقسیم پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد نئی ترقیاتی اسکیموں کے اجرا کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کسی وزیر، مشیر یا رکن اسمبلی کے ذریعے نہیں کیا جا سکے گا۔ انتخابی جلسوں اور جلوسوں میں سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
سرکاری ملازمین کو مکمل سیاسی غیر جانبداری اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ کسی امیدوار یا سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت میں اپنا اثر و رسوخ استعمال نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی انتخابی مہم کا حصہ بن سکیں گے۔ امن و امان کی ڈیوٹی کے علاوہ سرکاری ملازمین کے سیاسی اجتماعات میں شرکت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی، بورڈ آف ریونیو اور دیگر ترقیاتی اداروں میں ہر قسم کی الاٹمنٹس، لیز اور رینٹ کے معاملات پر بھی فوری پابندی نافذ کر دی ہے۔
کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف فوری تادیبی کارروائی، تبادلے اور معطلی سمیت سخت اقدامات کیے جائیں گے جبکہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب امیدواروں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے تمام محکموں کے سربراہان کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور خلاف ورزیوں کی فوری رپورٹ کمیشن کو بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں۔آزاد کشمیر اسمبلی کے عام انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا


