کراچی(نیوز ڈیسک) کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس کے موقع پر 8 جون کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق 22 ذوالحج 1447 ہجری، بمطابق 8 جون کو شہر میں مقامی تعطیل ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ تعطیل سٹی کونسل کراچی کی جانب سے منظور کردہ قرارداد کی روشنی میں دی جا رہی ہے، تعطیل کے دوران کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام تمام دفاتر بند رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق وہ تمام ادارے اور دفاتر جو ضروری اور ہنگامی نوعیت کی خدمات انجام دیتے ہیں، معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ مقامی تعطیل کے فیصلے کی باقاعدہ منظوری مجاز اتھارٹی نے دی ہے، جس کے بعد اس فیصلے سے متعلق تمام متعلقہ محکموں اور شعبہ جات کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ نوٹیفکیشن پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار کراچی کے اہم مذہبی اور تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے عقیدت مند بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں، عرس کے موقع پر مختلف مذہبی اور روحانی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جبکہ زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات بھی کئے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں۔بجٹ 2026-27سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی



