کراچی: منشیات کیس میں پنکی کے خلاف تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی نے دوران تفتیش مبینہ وائس نوٹس کی تصدیق سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی افسر نے ملزمہ کے انکار کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت سے درخواست دائر کی ہے جس میں جیل کے اندر ملزمہ کی آواز کا نمونہ ریکارڈ کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق منشیات کیس میں پنکی سے متعلق تفتیش کے دوران متعدد وائس نوٹس حاصل ہوئے ہیں جو تحقیقات میں اہم شواہد تصور کیے جا رہے ہیں۔ تاہم ملزمہ نے ان وائس نوٹس کو اپنی آواز قرار دینے سے انکار کر دیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وائس نوٹس اور ملزمہ کی اصل آواز کا سائنسی اور تکنیکی تجزیہ انتہائی ضروری ہے تاکہ حقائق تک پہنچا جا سکے۔ تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ فارنزک معائنے کے ذریعے یہ معلوم کیا جا سکے گا کہ متعلقہ وائس نوٹس واقعی ملزمہ کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے تھے یا نہیں۔
حکام کے مطابق منشیات سے متعلق مقدمات میں الیکٹرانک شواہد اور آڈیو ریکارڈنگز اہم کردار ادا کرتی ہیں، اسی لیے آواز کے نمونے اور دستیاب وائس نوٹس کا فارنزک تجزیہ کیس کی تفتیش میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
عدالت کی جانب سے اجازت ملنے کی صورت میں ملزمہ کی آواز کا نمونہ حاصل کرکے فارنزک لیبارٹری بھجوایا جائے گا، جہاں جدید تکنیکی طریقوں سے اس کا موازنہ دستیاب آڈیو ریکارڈنگز سے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کیس کی تحقیقات کے دوران مختلف اہم انکشافات سامنے آ چکے ہیں جبکہ تفتیشی ادارے شواہد اکٹھے کرنے کے عمل میں مصروف ہیں۔




