Search
Close this search box.
منگل ,09 جون ,2026ء

میرا نے انٹرویو کے دوران میزبان کو آڑے ہاتھوں لے لیا

لاہور: پاکستان کی معروف فلمی اداکارہ میرا ایک حالیہ انٹرویو کے دوران میزبان کے رویے پر ناراض نظر آئیں اور انہوں نے کھلے الفاظ میں احترام کا مطالبہ کردیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اداکارہ کا ردعمل صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

میرا انٹرویو اپنی نئی فلم “سائیکو” کی تشہیری مہم کے سلسلے میں دے رہی تھیں، جہاں میزبان نے تعارفی انداز میں انہیں “ملک کی سب سے بڑی سائیکو” قرار دیا۔ میزبان نے مزید تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلم سے پہلے بھی سائیکو تھیں اور شوٹنگ کے دوران بھی اسی انداز میں رہیں۔

اس تبصرے پر میرا نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان کو جواب دیا کہ انہیں عزت دی جانی چاہیے۔ اداکارہ نے کہا کہ اگر انہیں یہاں احترام نہیں ملے گا تو وہ بھارت جا کر بھی عزت حاصل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں “سائیکو” کہنا ایک بات ہے، لیکن احترام ہر صورت ملنا چاہیے۔

میرا کا کہنا تھا کہ فلم “سائیکو” میں کردار ادا کرنا ان کے کیریئر کے مشکل ترین تجربات میں سے ایک تھا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ لوگ ان کی اور فلم کے مرکزی اداکار شان شاہد کی محنت کو سراہیں گے کیونکہ پاکستان میں اس نوعیت کی جرات مندانہ فلم بنانا ایک بڑا چیلنج تھا۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے میرا کے مؤقف کی حمایت کی۔ متعدد صارفین نے لکھا کہ اختلافِ رائے اپنی جگہ، لیکن کسی بھی مہمان کے ساتھ انٹرویو کے دوران توہین آمیز انداز اختیار نہیں کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ ماضی میں بھی میرا کئی مرتبہ اس بات پر زور دے چکی ہیں کہ انہیں تنازعات کے بجائے ان کے کام اور فنی صلاحیتوں کی بنیاد پر پہچانا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں