Search
Close this search box.
جمعه ,19 جون ,2026ء

پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان، آج عوام کیلئے خوشخبری متوقع

اسلام آباد: پیٹرول کی قیمت میں کمی سے متعلق عوام کو آج بڑی خوشخبری ملنے کا امکان ہے، کیونکہ وفاقی حکومت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں پر غور کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آج پیٹرول کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلے بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے اور مستقبل میں بھی عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عالمی آئل مارکیٹ آج شام 4 بجے بند ہونے کے بعد حتمی اعداد و شمار سامنے آئیں گے، جس کے بعد عوام کو دیے جانے والے ریلیف کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے اور حکومت اس کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔

حالیہ دنوں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور سفارتی پیش رفت کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔ برینٹ کروڈ اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل دونوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمت میں کمی کے امکانات مضبوط ہو گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر عالمی منڈی میں قیمتوں کا موجودہ رجحان برقرار رہا تو حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر سکتی ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور عوام کو مالی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں