Search
Close this search box.
جمعه ,19 جون ,2026ء

بیگم امتیاز نسیم نے تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی

اسلام آباد: (رضوان عباسی ) آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم سیاسی تبدیلی سامنے آئی ہے جہاں بیگم امتیاز نسیم نے تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کی شمولیت کو آزاد کشمیر کے سیاسی منظرنامے میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر مشتاق منہاس، راجہ مجاہد، راجہ ریاست، راجہ عبدالحفیظ، اسامہ زاہد اور دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بیگم امتیاز نسیم اور ان کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی اور عوامی خدمات کا دائرہ صرف باغ یا آزاد کشمیر تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پورا پاکستان ان کے تجربات سے مستفید ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کو مکمل عزت، احترام اور نمائندگی دی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیگم امتیاز نسیم نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو کر اپنے سیاسی گھر واپس آئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے مرحوم شوہر کرنل (ر) نسیم مسلم لیگ (ن) کے بانی رہنماؤں میں شامل تھے اور ان کا خاندان طویل عرصے سے اس جماعت سے وابستہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی اور اپنے حلقے کے عوام کی خدمت کو اولین ترجیح بنائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وسطی باغ میں ترقیاتی کاموں کا ایک نیا دور شروع کیا جائے گا اور مسلم لیگ (ن) عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔

بیگم امتیاز نسیم نے دعویٰ کیا کہ وسطی باغ کی تینوں نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی اور 27 جولائی کے انتخابات کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت تشکیل دے کر عوامی محرومیوں کا خاتمہ کرے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق منہاس نے بھی بیگم امتیاز نسیم کی شمولیت کو پارٹی کے لیے اہم اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد سے مسلم لیگ (ن) مزید مضبوط ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں