لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کی مجوزہ تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جن کے تحت قومی کرکٹرز کو مختلف ٹریکس اور گریڈز میں تقسیم کرتے ہوئے ماہانہ تنخواہوں اور میچ فیس کا نیا ڈھانچہ مرتب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اے بی (AB) ٹریک گریڈ ون میں شامل کھلاڑیوں کو 48 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی، جبکہ گریڈ ٹو کے کھلاڑی 38 لاکھ روپے ماہانہ وصول کریں گے۔
اے بی ٹریک کے کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ کی 15 لاکھ روپے، ون ڈے کی 7 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی 5 لاکھ روپے میچ فیس بھی دی جائے گی۔
اسی طرح اے (A) ٹریک گریڈ ون کے کرکٹرز کو 40 لاکھ روپے ماہانہ جبکہ گریڈ ٹو کے کھلاڑیوں کو 36 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ملے گی۔ اس ٹریک میں شامل کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ میچ کی فیس 15 لاکھ روپے، ون ڈے کی 6 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی کی 4 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بی سی (BC) ٹریک گریڈ ون میں شامل کھلاڑی 34 لاکھ روپے ماہانہ جبکہ گریڈ ٹو کے کھلاڑی 26 لاکھ روپے ماہانہ وصول کریں گے۔ اس ٹریک میں ٹیسٹ میچ کی 9 لاکھ روپے، ون ڈے کی 7 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی کی 5 لاکھ روپے میچ فیس مقرر کی گئی ہے۔
سی (C) ٹریک گریڈ ون کے کرکٹرز کو 26 لاکھ روپے ماہانہ جبکہ گریڈ ٹو کے کھلاڑیوں کو 20 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ملے گی۔ سی ٹریک میں شامل کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ میچ کی 7 لاکھ روپے جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی 5،5 لاکھ روپے میچ فیس رکھی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی (D) ٹریک میں شامل ترقیاتی (ڈویلپمنٹ) کھلاڑیوں کو 10 لاکھ روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔
نئے نظام کے تحت اے بی ٹریک ٹیسٹ اور ون ڈے اسپیشلسٹ کھلاڑیوں، اے ٹریک ٹیسٹ کرکٹرز، بی سی ٹریک ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے کھلاڑیوں، جبکہ سی ٹریک صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹرز پر مشتمل ہوگا، جبکہ ڈی ٹریک میں ترقیاتی کھلاڑی شامل ہوں گے۔
مزید پڑھیں۔ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیشگوئی


