Search
Close this search box.
پیر ,22 جون ,2026ء

کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ،سوریا ونشی کا نیا عالمی ریکارڈ

کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ،سوریا ونشی کا نیا عالمی ریکارڈ

سری لنکا (سپورٹس ڈیسک) سہ ملکی سیریز کے فائنل میں بھارت اے نے سری لنکا اے کو 66 رنز سے شکست دے دی۔

اس میچ میں سب سے شاندار کارکردگی 15 سالہ بھارتی بلے باز ویبھاؤ سوریاونشی کی رہی جنہوں نے صرف 11 گیندوں پر تیز ترین لسٹ اے نصف سنچری بنا کر نیا ریکارڈ بنایا۔

اتوار کو سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے فائنل میں بھارت اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا اے کے خلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 377 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے ویبھاؤ سوریاونشی نے 29 گیندوں پر 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے صرف 11 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کرکے لسٹ اے کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کیا۔

سوریاونشی کی جارحانہ اننگز نے ہندوستان اے کو مضبوط آغاز فراہم کیا اور ان کی بلے بازی سے ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچانے میں مدد کی لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کی اننگز کی رفتار کچھ کم ہوگئی۔

انڈیا اے کی اننگز میں تلک ورما نے 67 اور رتوراج گائیکواڑ نے 40 رنز بنائے۔ انوکول رائے نے بھی 15 گیندوں پر 39 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو 377 تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔ رائے نے اپنی بولنگ میں 2 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

سری لنکا اے کی جانب سے ونوکا سنہا نے 62 اور سدھیرا سماراویکراما نے 52 رنز بنائے لیکن پوری ٹیم 48ویں اوور میں 311 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے یش ٹھاکر اور ویپراج نگم نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ اسپنر انوکول رائے نے بھی اہم وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کی مزاحمت کو توڑا۔

سری لنکا اے کی اننگز میں ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم دباؤ میں آگئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں جس کی وجہ سے وہ ہدف کے قریب نہ پہنچ سکی اور 378 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 311 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اس طرح بھارت اے نے فائنل میں سری لنکا کو 66 رنز سے شکست دے کر سہ فریقی سیریز کی ٹرافی اپنے نام کر لی جب کہ شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر ویبھو سوریاونشی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

مزید پڑھیں‌:امریکا معاہدہ،ٹرمپ کی دھمکیوں کے خلاف ایرانی وفد کا بڑا اقدام

یہ بھی پڑھیں