کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سحر ہاشمی نے بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی سے اپنے موازنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے صرف وہی مناظر فلمائے جو ڈرامے کے اسکرپٹ کا حصہ تھے اور ہدایت کاروں کے تخلیقی وژن کے مطابق تھے۔
سحر ہاشمی نے اپنے کیریئر کا آغاز ڈرامہ ’ظلم‘ سے کیا تاہم ’من مست ملنگ‘، ’زنجیریں‘ اور ’شیدائی‘ جیسے کامیاب ڈراموں نے انہیں شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام دلایا۔ حالیہ دنوں میں اسکرین پر گلے ملنے کے مناظر کرنے کے باعث انہیں تنقید اور سوشل میڈیا پر عمران ہاشمی سے موازنے کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ نے عمران ہاشمی سے اپنے موازنے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی فنکار کا کام اپنے کردار اور اسکرپٹ کے تقاضوں کو پورا کرنا ہوتا ہے اور وہ واحد اداکارہ نہیں ہیں جنہوں نے گلے ملنے کے مناظر کیے ہوں۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ آئندہ زیادہ محتاط رہیں گی کیونکہ اگر ناظرین کسی چیز کو پسند نہیں کرتے تو وہ ایسا کچھ نہیں کرنا چاہتیں۔ تاہم انہوں نے لوگوں سے یہ درخواست بھی کی کہ صرف انہیں ہی تنقید کا نشانہ نہ بنایا جائے کیونکہ جو کچھ انہوں نے کیا وہ انڈسٹری میں دیگر فنکار بھی کرتے رہے ہیں۔
دوسری جانب سحر ہاشمی کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ کچھ نے اداکارہ کی وضاحت کو اپنے عمل کا جواز قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔
سحر ہاشمی کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’سب سے بری بات یہ ہے کہ یہ اداکار اپنے اقدامات کا جواز پیش کرتے ہیں‘۔ ایک اور صارف نے کہا کہ ’شاید ہدایت کار ان کی آمادگی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں‘ جبکہ ایک شخص نے تبصرہ کیا ’میں ان کے نقطۂ نظر کو سمجھتا ہوں‘۔
مزید پڑھیں۔غیرقانونی مقیم افغان باشندوں بارے بڑی خبرآگئی



