لاہور(نیوز ڈیسک)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے بچوں کو نوازشریف سکول آف ایمیننس کا تحفہ دینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج سے نوازشریف اسکولز آف ایمیننس ڈویژن کی سطح پر فعال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
ویڈیو پیغام میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اسکول کے ایک بچے کے ہاتھوں سے افتتاح کروا کے مثال قائم کی ہے، سٹیٹ آف دی آرٹ سکول آف ایمیننس کی صورت میں مریم نواز نے معیاری اور مفت تعلیم کا وعدہ پورا کر دیا۔
وزیر تعلیم پنجاب کے مطابق نواز شریف اسکول آف ایمیننس پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بہترین مثال ثابت ہوگا، اسکول آف ایمیننس کا ماڈل تعلیمی پراجیکٹ گلوبل سٹینڈرڈ کے مطابق سہولیات پر مشتمل ہے۔ فرینڈلی کلاس رومز، روبوٹکس، سائنس و کمپیوٹر اور سٹیم لیبز سمیت دیگر سہولیات سکول آف ایمیننس کا حصہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں 300 نواز شریف سکول آف ایمیننس بنائے گئے ہیں، سکول آف ایمیننس کا دائرہ کار بتدریج وسیع کیا جائے گا، اسکول آف ایمیننس میں ہر سال 5 سے 10 لاکھ بچے مفت تعلیم حاصل کریں گے۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ اسکول آف ایمیننس جدید انفراسٹرکچر، اعلیٰ تعلیم یافتہ تدریسی عملے اور جدید سہولیات کے حامل تعلیمی ادارے ہی، جہاں امیر اور غریب کا بچہ ایک ہی چھت تلے پڑھیں گے۔ ایسے بہترین اور ماڈل تعلیمی ادارے اگر حکومت خود بناتی اور چلاتی تو اربوں روپے درکار تھے تاہم قومی خزانے پر بوجھ نہیں ڈالا، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ماڈل تعلیمی ادارے قائم کیے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ ریکارڈ تعداد میں بچوں کا داخلہ ٹیسٹ دینا والدین کا سرکاری سکولوں پر اعتماد بحال ہونے کا اظہار ہے۔ نجی تعلیمی شعبہ اسکول آف ایمیننس کی وجہ سے پریشان ہے، ایسے تعلیمی اداروں کا صوبے بھر میں جال بچھائیں گے۔
مزید پڑھیں۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان


