Search
Close this search box.
هفته ,18 جولائی ,2026ء

مری کی سیر اب پہلے سے کہیں سستی، حکومت نے بڑا ریلیف دے دیا

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)مری جانے والے سیاحوں اور مقامی شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں حکومت پنجاب نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماحول دوست گرین الیکٹرک میٹرو بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

اس منصوبے کا مقصد مری میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ میں کمی سیاحوں کو سستا محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنا اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق نئی الیکٹرک بس سروس کا کرایہ صرف 30 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ خواتین پانچ سال سے کم عمر بچوں اور سینئر شہریوں کے لیے سفر مکمل طور پر مفت ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام کو ریلیف دینے اور مری میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
انتظامیہ کے مطابق الیکٹرک بس سروس ہفتے کے ساتوں دن دستیاب ہوگی اور صبح 6 بجے سے رات 9 بجے تک مسلسل چلائی جائے گی۔ ہر 45 منٹ بعد بس اپنے مقررہ اسٹاپ پر پہنچے گی تاکہ مسافروں کو زیادہ انتظار نہ کرنا پڑے۔

یہ جدید الیکٹرک بس سروس مری ایکسپریس وے اور جی ٹی روڈ کے اہم علاقوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ بس کا سفر سترہ میل سے شروع ہو کر مری بس اسٹینڈ (لاری اڈہ) تک جاری رہے گا۔ راستے میں پھلگراں، سولگٹھاں، مانگا، ساملی، بستال موڑ، اپر ساملی، کھجوت زیارت، ٹی ڈی سی پی ہوٹل، لاکوٹ، اعوان، ملاچ، ماسیاری، آلوچہ موڑ، بڑا ہوٹل سائن بورڈ، لوئر ٹوپہ، نیو مری روڈ، اپر ٹوپہ اور جھیکا گلی سمیت 20 سرکاری اسٹاپس پر بس رکے گی جہاں سے مسافر آسانی سے سفر کر سکیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے سے مری میں ٹریفک جام کے دیرینہ مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ سیاح اپنی گاڑیاں سترہ میل، لوئر ٹوپہ یا دیگر مناسب مقامات پر پارک کر کے صرف 30 روپے کے کرائے میں مال روڈ اور دیگر سیاحتی مقامات تک باآسانی پہنچ سکیں گے جس سے شہر کے اندر گاڑیوں کا رش نمایاں حد تک کم ہونے کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام الیکٹرک بسیں جدید ایئرکنڈیشنڈ (AC) سہولیات سے آراستہ ہیں اور ماحول دوست ٹیکنالوجی پر چلتی ہیں جس سے نہ صرف ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ مری کی خوبصورت فضاؤں کو آلودگی سے محفوظ رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔

سیاحتی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب ثابت ہوا تو نہ صرف مری میں سفری سہولتیں بہتر ہوں گی بلکہ دیگر سیاحتی شہروں میں بھی اسی طرز کی الیکٹرک بس سروس متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوگی۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس منصوبے سے عوام کو سستی، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ میں بھی مثبت کردار ادا ہوگا۔

مزید پڑھیں۔قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں ردوبدل،نوٹیفکیشن جاری

یہ بھی پڑھیں