میرپور: یوم الحاق پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری ساجد اسلم کی زیرِ صدارت ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 19 جولائی 1947ء کو قراردادِ الحاقِ پاکستان منظور کرنے والے رہنماؤں اور تحریکِ آزادی کشمیر کے اکابرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چوہدری ساجد اسلم نے کہا کہ 19 جولائی 1947ء کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جب سری نگر میں مسلم کانفرنس کے نمائندہ اجلاس میں قراردادِ الحاقِ پاکستان متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد کشمیری عوام کی امنگوں اور پاکستان سے وابستگی کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی سیاسی جدوجہد کو حقِ خودارادیت کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ ان کے بقول، پاکستان اور کشمیر کے درمیان رشتہ مضبوط ہے اور کشمیری عوام اپنی تاریخی وابستگی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیریوں کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔
انہوں نے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر میاں حسام ساجد، افسرِ مال راجہ ایاز احمد، تحصیلدار میرپور عمران یوسف، ڈپٹی ڈائریکٹر لبریشن سیل سردار عظیم سرور، مختلف سیاسی، سماجی اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں، صحافیوں، سرکاری افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے تحریکِ آزادی کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، کشمیری عوام، شہدائے تحریکِ آزادی کشمیر اور شہدائے افواجِ پاکستان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔




