Search
Close this search box.
پیر ,20 جولائی ,2026ء

پی ڈی ایم اے سیلاب وارننگ، دریائے چناب، جہلم اور راوی میں خطرہ

لاہور: پی ڈی ایم اے سیلاب وارننگ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 20 سے 24 جولائی کے دوران پنجاب کے مختلف دریاؤں، برساتی ندی نالوں اور کئی شہروں میں سیلاب اور اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، دریائے جہلم، دریائے راوی اور ان سے ملحقہ برساتی ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں نچلے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

اسی طرح بہیں، بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا سمیت دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ڈیرہ غازی خان کے رود کوہیوں میں بھی فلیش فلڈنگ کا الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ممکنہ صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، واسا، ریسکیو 1122، محکمہ آبپاشی، لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، زراعت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے ہدایت کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام اضلاع میں ایمرجنسی کنٹرول رومز فعال رکھے جائیں، ریسکیو ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں اور امدادی کارروائیوں کے لیے پٹرول اور ڈیزل کا مناسب ذخیرہ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں موجود آبادی اور مویشیوں کی بروقت منتقلی کے انتظامات مکمل کیے جائیں، جبکہ فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسمی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا متعلقہ ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں