مظفرآباد: آزاد کشمیر انتخابات کے سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے سرکاری ملازمین کی ووٹنگ کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولاکوٹ اور پلندری کے علاوہ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں ووٹنگ مقررہ پروگرام کے مطابق ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق راولاکوٹ اور پلندری میں سرکاری ملازمین کی ووٹنگ فی الحال ملتوی کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر تمام اضلاع اور مہاجرین کے حلقوں میں انتخابی عمل شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے لیے تمام ریٹرننگ افسران کو پولنگ میٹریل بروقت فراہم کر دیا گیا ہے، تاکہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ تاہم ایک بلوچ مہاجر حلقے میں امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابی شیڈول میں تبدیلی کی جا رہی ہے اور اس نشست پر پولنگ بعد میں ہوگی۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے۔ ان کے مطابق انتخابی عمل کو محفوظ بنانے کے لیے جامع سکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولنگ کے دوران افواج پاکستان، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئیک رسپانس فورس بھی ہر وقت متحرک رہے گی۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ انتخابی منصوبہ تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔

