اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی) نے فرانسیسی عالمی شہرت یافتہ کمپنی **بیورو ویریٹاس کے ٹریڈ مارک اور لوگو کی جعلسازی اور دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ پر ایم سی آئی بیورو آف انسپیکشن اینڈ سرٹیفکیشنز پاکستان پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
سی سی پی کے مطابق ایم سی آئی بیورو نے بیورو ویریٹاس کے ٹریڈ مارک اور لوگو کی نمایاں خصوصیات نقل کرکے صارفین کو گمراہ کیا، جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ کمپنی کا تعلق عالمی ادارے سے ہے۔ کمیشن نے اس عمل کو دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ قرار دیتے ہوئے فوری طور پر شکایت کنندہ کے ٹریڈ مارک اور لوگو کا استعمال بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
سی سی پی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بیورو ویریٹاس 1828 میں قائم ہونے والا فرانسیسی ادارہ ہے جو 1999 سے پاکستان میں ٹیسٹنگ، انسپیکشن اور سرٹیفکیشن کی خدمات انجام دے رہا ہے، جبکہ ایم سی آئی بیورو ضروری ایکریڈیٹیشن کے بغیر سرٹیفکیشن خدمات پیش کر رہا تھا۔
کمیشن کے مطابق ایم سی آئی بیورو کے “Inspect Assure” رانڈ کے حوالے سے بھی مطلوبہ اہلیت اور ایکریڈیٹیشن کا کوئی قابلِ اعتماد ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا، جس پر سخت ریمارکس دیے گئے۔
سی سی پی نے ایم سی آئی بیورو کو 60 دن کے اندر فیصلے پر عملدرآمد کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کمیشن نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ یہ کارروائی صرف ٹریڈ مارک کی نقل کے خلاف نہیں بلکہ صارفین اور کاروباری اعتماد کے تحفظ کے لیے بھی کی گئی ہے۔ سی سی پی کے مطابق عالمی شہرت یافتہ اداروں کی ساکھ سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔


