Search
Close this search box.
منگل ,21 جولائی ,2026ء

آزاد کشمیر الیکشن ، مہاجرین کی حلقہ ایل اے 39 جموں 6 کا انوکھا انتخابی معرکہ، صرف 3 ووٹرز کے لیے 3 الگ پولنگ اسٹیشنز قائم

اسلام آباد(رضوان عباسی )آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں، تاہم مہاجرین کی نشست ایل اے 39 جموں 6 اپنی منفرد پولنگ اسکیم کے باعث غیر معمولی توجہ حاصل کر رہی ہے۔ اس حلقے میں چند اضلاع میں ووٹرز کی انتہائی کم تعداد نے انتخابی انتظامات کو ایک منفرد مثال بنا دیا ہے۔

اے بی این نیوز کی پولنگ اسکیم پر خصوصی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کی پولنگ اسکیم کے تحت 27 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ایل اے 39 جموں 6 کے مجموعی طور پر 36 ہزار 943 رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ یہ حلقہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے 24 اضلاع پر مشتمل ہے۔

دستاویزات کے مطابق پنجاب میں ووٹرز کی اکثریت موجود ہے، جہاں ان کے لیے 140 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں موجود 680 رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 17 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

پولنگ اسکیم کے مطابق خیبر پختونخوا کے 8 اضلاع ایسے ہیں جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 سے بھی کم ہے، جبکہ سب سے دلچسپ صورتحال کرک، مہمند اور کولائی پالس میں سامنے آئی ہے، جہاں مجموعی طور پر صرف 3 ووٹرز (2 خواتین اور ایک مرد) رجسٹرڈ ہیں۔ ان تینوں ووٹرز کے لیے تین الگ الگ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں پولنگ کے انعقاد کے لیے تقریباً 20 افراد پر مشتمل انتخابی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اپر دیر میں 2، چارسدہ میں 3، بونیر میں 4، مردان میں 8، ہری پور میں 12، ڈی آئی خان میں 13، مانسہرہ میں 14، صوابی اور نوشہرہ میں 15، 15، کوہاٹ میں 19، سوات میں 21، پشاور میں 168 جبکہ ایبٹ آباد میں 377 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں۔

انتخابی ماہرین کے مطابق ایل اے 39 جموں 6 کی یہ غیر معمولی پولنگ اسکیم ایک طرف الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری کی عکاس ہے، تو دوسری جانب انتہائی کم ووٹرز کے لیے کیے گئے وسیع انتظامات سیاسی اور انتخابی حلقوں میں دلچسپی اور بحث کا باعث بن گئے ہیں۔

مزید پڑھیں۔آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات ،الیکشن ڈیوٹی پر مامور سرکاری ملازمین کی پولنگ کا عمل جاری

یہ بھی پڑھیں