Search
Close this search box.
پیر ,20 جولائی ,2026ء

فیفا ورلڈ کپ انعامی رقم، فاتح ٹیم کو تاریخ کی سب سے بڑی رقم ملے گی

نیویارک: فیفا ورلڈ کپ انعامی رقم کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جس کے مطابق 2026 کے عالمی کپ کی فاتح ٹیم کو تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم 50 ملین امریکی ڈالر دی جائے گی، جبکہ رنر اپ ٹیم 33 ملین ڈالر کی حق دار ہوگی۔

امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پہلی بار 48 ٹیموں نے شرکت کی، جس کے باعث عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے ٹورنامنٹ کے مجموعی انعامی فنڈ میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔

فیفا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق دسمبر 2025 میں اعلان کیا گیا تھا کہ ورلڈ کپ 2026 کے لیے مجموعی انعامی فنڈ 655 ملین امریکی ڈالر مقرر کیا گیا، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا انعامی پیکج ہے۔

تیسرے نمبر کے مقابلے میں انگلینڈ نے فرانس کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، جس پر انگلش ٹیم کو 29 ملین ڈالر انعام دیا جائے گا، جبکہ چوتھی پوزیشن پر رہنے والی فرانس کی ٹیم 27 ملین ڈالر وصول کرے گی۔

اب تمام نظریں فائنل پر مرکوز ہیں، جہاں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور اسپین عالمی اعزاز کے لیے مدمقابل ہوں گے۔ فاتح ٹیم نہ صرف ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کرے گی بلکہ 50 ملین ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم بھی حاصل کرے گی، جبکہ شکست کھانے والی ٹیم کو 33 ملین ڈالر ملیں گے۔

فیفا ورلڈ کپ انعامی رقم کی تقسیم کے مطابق کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ناروے، بیلجیئم، مراکش اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیموں کو 19،19 ملین ڈالر دیے جائیں گے۔

اسی طرح نویں سے سولہویں پوزیشن حاصل کرنے والی میکسیکو، کولمبیا، برازیل، امریکا، پرتگال، کینیڈا، مصر اور پیراگوئے کی ٹیموں کو 15 ملین ڈالر فی ٹیم ملیں گے۔

فیفا کے مطابق 17ویں سے 32ویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کے لیے 11 ملین ڈالر جبکہ 33ویں سے 48ویں پوزیشن تک رہنے والی ٹیموں کے لیے 9 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

مزید برآں، ہر شریک ٹیم کو ٹورنامنٹ سے قبل تیاریوں اور انتظامی اخراجات کے لیے 1.5 ملین ڈالر کی اضافی گرانٹ بھی فراہم کی گئی۔

واضح رہے کہ قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 میں چیمپئن بننے والی ارجنٹینا کو 42 ملین ڈالر جبکہ 2018 کے عالمی کپ کی فاتح فرانس کو 38 ملین ڈالر انعامی رقم ملی تھی۔

یہ بھی پڑھیں