Search
Close this search box.
هفته ,25 جولائی ,2026ء

سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بے قابو، شہری مہنگائی سے پریشان

خانپور: سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں خانپور کے شہری اور دیہی علاقوں میں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، جس کے باعث مہنگائی سے پریشان شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

مقامی بازاروں میں روزمرہ استعمال ہونے والی بیشتر سبزیاں 100 روپے فی کلو سے زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ ٹماٹر کی قیمت 380 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

مارکیٹ سروے کے مطابق سرکاری نرخ نامے اور بازار میں وصول کی جانے والی قیمتوں میں واضح فرق دیکھنے میں آیا ہے۔ سرکاری فہرست کے مطابق ٹماٹر کی قیمت 100 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم دکاندار اسے 380 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں۔

اسی طرح لہسن کا سرکاری نرخ 200 روپے فی کلو ہے، لیکن مارکیٹ میں اس کی قیمت 400 روپے فی کلو وصول کی جا رہی ہے۔ لیموں کا سرکاری ریٹ 120 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ بازار میں یہ 250 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آم کا سرکاری نرخ 200 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مختلف بازاروں میں 380 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ منڈیوں میں اشیائے خور و نوش سرکاری نرخوں پر دستیاب ہونے کے باوجود دکانوں اور ریڑھیوں پر انہیں کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے عام آدمی کی قوت خرید بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء مناسب قیمت پر عوام کو فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں