Search
Close this search box.
منگل ,28 جولائی ,2026ء

شناختی کارڈ پر پتا تبدیل کرانا ہے؟ نادرا نے مکمل طریقہ کار جاری کر دیا

اسلام آباد:شناختی کارڈ پر پتا تبدیل کرانے کے خواہش مند شہریوں کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ نادرا کے مطابق موجودہ یا مستقل رہائشی پتا تبدیل کرانے کے لیے مخصوص دستاویزات جمع کرانا لازمی ہوگا۔

نادرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شہری شناختی کارڈ پر موجودہ (عارضی) پتا تبدیل کروانا چاہتا ہے تو اسے کرایہ نامہ، مکان کی رجسٹری یا الاٹمنٹ لیٹر، یوٹیلیٹی بل، یا خون کے رشتہ دار یا شریکِ حیات کا شناختی کارڈ فراہم کرنا ہوگا، جس پر وہی رہائشی پتا درج ہو۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ اس مقصد کے لیے شادی شدہ بہن کا شناختی کارڈ بطور رہائشی ثبوت قابل قبول نہیں ہوگا۔

مستقل پتا تبدیل کرانے کے لیے کن دستاویزات کی ضرورت ہوگی؟

اعلامیے کے مطابق مستقل رہائشی پتا تبدیل کرانے کے لیے شہری کو جائیداد کی ملکیتی دستاویز، یوٹیلیٹی بل یا ڈومیسائل پیش کرنا ہوگا، جو درخواست گزار، اس کے والدین یا شریکِ حیات کے نام پر ہونا ضروری ہے۔

درخواست کہاں جمع کرائی جا سکتی ہے؟

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شناختی کارڈ پر پتا تبدیل کرانے کے لیے اپنے قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر سے رجوع کریں یا گھر بیٹھے پاک آئی ڈی (Pak ID) موبائل ایپ کے ذریعے بھی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

نادرا کا کہنا ہے کہ درست رہائشی معلومات قومی ریکارڈ کی درستگی کے لیے انتہائی اہم ہیں، اس لیے شہری اپنی رہائش تبدیل ہونے کی صورت میں بروقت شناختی کارڈ کا ریکارڈ بھی اپ ڈیٹ کروائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی سرکاری یا قانونی کارروائی کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں