Search
Close this search box.
منگل ,28 جولائی ,2026ء

امتیاز سپر اسٹور، ڈی واٹسن سمیت 6 بڑے اسٹورز کے امپورٹ کاغذات جعلی نکلے، مقدمات درج

اسلام آباد(احسان بخاری/ سپیشل رپورٹر): امتیاز سپر اسٹور کسٹمز کارروائی میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امتیاز سپر اسٹور، ڈی واٹسن کیمسٹ سمیت چھ معروف اسٹورز کی جانب سے فراہم کیے گئے امپورٹ دستاویزات مبینہ طور پر جعلی قرار دیے جانے کے بعد کسٹمز حکام نے الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق چند ہفتے قبل کسٹمز کے سی آئی یو (CIU) یونٹ نے اسلام آباد کے مختلف تجارتی مراکز میں کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں غیر ملکی پرفیومز، کاسمیٹکس، چاکلیٹس، جوتے اور دیگر درآمدی اشیا اپنی تحویل میں لے لی تھیں۔ کارروائی کے دوران متعلقہ اسٹورز فوری طور پر سامان کی قانونی درآمد سے متعلق دستاویزات پیش نہیں کر سکے تھے۔

کسٹمز حکام نے کارروائی کے بعد متعلقہ اسٹورز کو تین روز کی مہلت دی تھی تاکہ وہ درآمدی سامان کی گڈز ڈیکلریشن (GD) اور دیگر متعلقہ دستاویزات جمع کرا سکیں۔ بعد ازاں امتیاز سپر اسٹور، ڈی واٹسن کیمسٹ، شاہین گروسری، لائف اسٹائل کلیکشن، ہائز (HAYEES) سمیت دیگر اسٹورز نے مطلوبہ دستاویزات جمع کرائیں۔

ذرائع کے مطابق جب کسٹمز حکام نے ان دستاویزات کی تصدیق کی تو مبینہ طور پر فراہم کی گئی جی ڈیز جعلی ثابت ہوئیں، جس کے بعد تمام متعلقہ اسٹورز کے خلاف الگ الگ کسٹمز مقدمات (سیزر کیسز) درج کر لیے گئے۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ڈپٹی کلیکٹر کسٹمز ڈاکٹر مدثر نے تصدیق کی کہ چھ اسٹورز کو درآمدی دستاویزات پیش کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ ان کے مطابق اسٹورز کی جانب سے فراہم کی گئی جی ڈیز کی جانچ پڑتال کے دوران وہ درست ثابت نہیں ہوئیں، جس پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کیسز کی مزید تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں