کندھ کوٹ: ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو زخمی اور گرفتار کر لیے گئے، جبکہ واقعے میں ایک پولیس افسر بھی زخمی ہوا۔کندھ کوٹ اے سیکشن تھانے کی حدود میں موٹر سائیکل سواروں سے ڈکیتی کے دوران پولیس پہنچ گئی۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو زخمی ڈاکو گرفتار کر لیے گئے۔ دوسرا ڈاکو موقع سے فرار ہو گیا۔
تھانہ بی سیکشن کا ایس ایچ او بھی فائرنگ سے زخمی ہوا جسے سول ہسپتال کندھ کوٹ میں داخل کرایا گیا۔پولیس نے فرار ہونے والے ڈاکو کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کر دی ہے۔کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ انسداد ڈاکو آپریشن جاری ہے۔
مزید پڑھیں: کچے، پکے دونوں میں راج ڈاکوؤں کا ہے، حافظ نعیم الرحمٰن پھٹ پڑے
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسکول ٹیچر کے قتل میں سہولت کاری کے الزام میں اب تک 34 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ آپریشن تنگوانی، جمال اور شبیر آباد تھانوں کی حدود میں جاری ہے۔ 21 ملزمان کے خلاف پولیس مقابلے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
آپریشن کے دوران مزید سات مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا اور ان کے گھروں سے تین موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔آپریشن میں بکتر بند گاڑیوں اور جدید ترین مشینری کے ساتھ رینجرز کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ایس ایس پی کشمور بشیر بروہی نے کہا ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یا قتل تک مشترکہ آپریشن جاری رہے گا۔کندھ کوٹ میں ڈکیتی مزاحمت پر سکول ٹیچر اللہ رکھاو کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔

