حیدرآباد(نیوزڈیسک)حیسکو ٹیم کے ایس ڈی او علی رضا کھرل وحید رند نواز تارو اور دیگر نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مکلی سوسائٹی اور دیگر مقامات پر چھاپے مار کر درجنوں کی تعداد میں کنڈے اتار کر تاریں ضبط کرلیں اور پرائیویٹ طور پر لوگوں کو چوری کی بجلی لگاکر دینے والے لائین مین سمیع اور دیگر لائین مین اور بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر مکلی تھانے پر درج کرادی ہیں۔
ایس ڈی او حیسکو مکلی سب ڈویژن علی رضا کھرل نے میڈیا کو بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور بجلی چوروں کو کسی بھی صورت نہیں بخشا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کنڈے لگاکر دینے والے دو پرائیویٹ لائین مینوں اور دیگر بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی گئیں ہیں۔
علی رضا کھرل نے کہا کہ ہم اپنے افسران گلزار احمد دستی عمران اعوان کی ہداہت پر عمل کرتے ہوئے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو پرائیویٹ لائین مین چوری کی بجلی لگاکر دیتے ہیں اور جو بجلی لگواتے ہیں سب کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی انہوں نے کہا کہ بجلی کے صارفین اپنے میٹر لگوائیں اور بقایا جات کی فوری ادائیگی کریں ورنہ سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

