Search
Close this search box.
اتوار ,05 جولائی ,2026ء

گروپ کیپٹن عاصم قاتل گرفتار، آئی جی اسلام آباد نے کارروائی کی تفصیلات جاری کر دیں

اسلام آباد: گروپ کیپٹن عاصم قاتل گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایئرفورس کے بہادر افسر گروپ کیپٹن عاصم کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والے ملزم کو کامیاب کارروائی کے بعد حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ صبح 11 بج کر 21 منٹ پر پیش آیا، جس کے فوراً بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کو انتہائی سنجیدگی سے لیا گیا اور ملزم کی گرفتاری کے لیے 11 خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

آئی جی کے مطابق تحقیقات کے دوران سیف سٹی کے 275 کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا، جس کی مدد سے ملزم تک رسائی ممکن ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم محمد سعد عباسی کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم اور نمرہ نامی خاتون اسلام آباد کے میلوڈی علاقے میں واقع ایک کیش اینڈ کیری اسٹور میں ملازمت کرتے تھے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ دونوں پہلے بھی دو مرتبہ اکٹھے دیکھے گئے تھے، تاہم واقعے کے روز ملزم خاتون کو پارک یا کسی دوسری جگہ لے جانا چاہتا تھا، جس پر خاتون نے انکار کر دیا۔

آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ خاتون کے انکار پر ملزم نے زبردستی شروع کر دی۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے گروپ کیپٹن عاصم نے صورتحال دیکھ کر اپنی گاڑی روکی اور خاتون کی مدد کے لیے مداخلت کی۔ خاتون فوری طور پر ان کی گاڑی کی طرف آگئی، جبکہ ملزم بھی موٹر سائیکل موڑ کر واپس آیا اور قریب پہنچتے ہی پستول سے فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں جامِ شہادت نوش کر گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم نے ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے خاتون کی جان بچانے کی کوشش کی اور اپنی بہادری کی مثال قائم کی۔ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں