Search
Close this search box.
پیر ,06 جولائی ,2026ء

شہری بدستور جنگ سے پہلے کی قیمتوں سے مہنگا پیٹرول اور ڈیزل خریدنے پر مجبور

اسلام آباد (رضوان عباسی): ملک میں عالمی سطح پر کشیدگی میں کمی کے باوجود عوام اب بھی جنگ سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ قیمت پر پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل خریدنے پر مجبور ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 28 فروری 2026 کے مقابلے میں پیٹرول کی قیمت میں 39 روپے 36 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 33 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ برقرار ہے۔

دستاویزات کے مطابق 28 فروری 2026 تک ملک میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 258 روپے 17 پیسے تھی، جو اس وقت بڑھ کر 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہو چکی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 275 روپے 70 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پیٹرول پر 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ دونوں مصنوعات پر 5، 5 روپے فی لیٹر کلائمٹ سپورٹ لیوی بھی عائد ہے۔

ایندھن کی بلند قیمتوں کے باعث ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے اثرات براہِ راست مہنگائی اور عوامی قوتِ خرید پر مرتب ہوتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں استحکام کی صورت میں اس کا فائدہ صارفین تک بھی منتقل کیا جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔

مزید پڑھیں۔سولر پینلز کی قیمتوں میں بڑی کمی، بیٹریاں اور انورٹرز بھی سستے ہوگئے

یہ بھی پڑھیں