اسلام آباد(نیوزڈیسک)علیمہ خان نے کہا ہے کہ ان کے بھائی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے جنرل عاصم منیر سے درخواست کی ہے کہ وہ ملک کی خاطر نیوٹرل ہوجائیں اور اس ملک کو چلنے اور سنورنے دیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر وکلا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پیغام بھیجا ہے کہ درخواست ہی کی جاسکتی ہے کہ جنرل عاصم منیر نیوٹرل ہوجائیں۔آپ نیوٹرل ہوں گے، اس ملک کو چلنے دیں، اسے اپنا آپ سنوارنے دیں۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا دوسرا پیغام 9 مئی سے متعلق ہے، انہوں نے کہا ہے کہ سیدھی سی بات ہے اس کیس میں کچھ بھی نہیں ہے۔
’آپ نے صرف یہ کرنا ہے کہ 9 مئی کی ساری سی سی ٹی وی فوٹیج نکالیں اور کیس چلائیں، اس میں آپ کو سب نطر آجائے گا کہ کون ذمہ دار تھے اس کے، لیکن اس کی فوٹیج کے بغیر آپ کو پتا نہیں چلے گا۔‘
علیمہ خان کا کہنا تھا ان سمیت ہزاروں لوگ اس کیس میں ملوث ہیں، جبکہ بیشتر بے گناہوں کو جیل میں ڈالا ہوا ہے، انہیں رہا کیا جائے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کیس چلا کر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
علیمہ خان کے مطابق آج عمران خان سے ان کی ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی، جس کے اختتام پر ان کے یہی دو پیغامات تھے کہ مقدمات چلائے جائیں اور جنرل عاصم منیر نیوٹرل ہوجائیں۔

