اسلام آباد(ویب ڈیسک )آج رات ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔ اوگرا نے وزیراعظم کو قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوا دی ہے۔
یکم ستمبر سے 14 ستمبر تک کروڈ آئل کی بین الاقوامی قیمتوں میں 8 سے 12 روپے تک کمی واقع ہوئی ہے۔
انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت اپریل 2024 میں 90 ڈالر فی بیرل رہی جو کہ اب ستمبر میں کم ہو کر کم و بیش 70 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے جو کہ گزشتہ چھ ماہ کی کم ترین قیمت ہے۔
جس کے بعد آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وزارت پیٹرولیم کی مشاورت سے وفاقی وزارت خزانہ کو بین الاقوامی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے 6 سے 10 روپے کمی کی سمری بھجوائی ہے۔
وفاقی وزارت خزانہ نے 25 ستمبر کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے قبل اسٹاف لیول مفاہمت کو معاہدے کی شکل دینی ہے، اس حوالے سے آئی ایم ایف کی جانب سے کڑی شرائط عائد کی گئی ہیں۔
اس کے باوجود آج اتوار کو رات گئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چھ سے 12 روپے کمی کرنے کی بجائے حکومتی ریونیو زیادہ بتانے کیلئے ممکنہ طور پر دو سے پانچ روپے تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جاسکتی ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بالترتیب 259.10 روپے اور 262.75 روپے فی لیٹر ہے۔
حکومت نے 31 اگست کی رات 15 ستمبر تک کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کیا تھا۔
مزیدپڑھیں :اکبر ایس بابر کا سپریم کورٹ کے 8 ججوں کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان


