اسلام آباد(نیوز ڈیسک)26 ویں آئینی ترمیم کے بعد نئے چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کے لیے بنائی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے جسٹس یحیٰ آفریدی کو بطور چیف جسٹس پاکستان نامزد کئے جانے پر اتفاق متوقع ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے بائیکاٹ کے باعث نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنا اپوزیشن ممبران کے فیصلہ لے گی۔
پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اجلاس کے باٸیکاٹ کا اعلان کیا، جس کے بعد دیگر کمیٹی ارکان کی جانب سے پی ٹی آئی کو منانے کی کوششیں کی گئیں جو ناکام ہوئیں۔ بعدازاں شام چار بجے بلایا جانے والا اجلاس رات کو نو بجے پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے ممبران کے بنا ہی شروع ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ بذریعہ رجسٹرار سپریم کورٹ چیف جسٹس سے نام مانگے گئے تھے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختراورجسٹس یحییٰ آفریدی کا نام پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کیے۔
جس کے بعد شام 4 بجے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوا تو سنی اتحاد کونسل کے بائیکاٹ کے باعث رات آٹھ بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ اس دوران کمیٹی کے دیگر اراکین نے پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو منا کر لانے کا فیصلہ کیا۔
اس حوالے سے کمیٹی ممبر اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خوبصورتی اسی میں ہے ان کو بھی منا کر کمیٹی میں لایا جائے، ہر جماعت سے ایک کمیٹی رکن اپوزیشن ارکان کو لینے جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین نے اختیار دیا ہے کہ 8 ارکان کمیٹی اجلاس میں بیٹھے ہوں تو وہ فیصلہ کرسکتے ہیں۔ آج کمیٹی کے اجلاس میں ارکان کی مطلوبہ تعداد موجود تھی لیکن اس کے باوجود ہم نے کارروائی روک دی تاکہ پی ٹی آئی کے ارکان بھی شریک ہوسکیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئین میں یہ بھی لکھا ہے اگر کوئی ویکنسی خالی رہ جاتی ہے یعنی کسی پارٹی کی جانب سے نامزدگی نہیں آتی یا کوئی رکن خود میٹنگ اٹینڈ نہیں کرتا تو اس کی وجہ سے کمیٹی کی کارروائی نہیں رکے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے بھی اسد قیصر سے ٹیلیفونک رابطہ خصوصی کمیٹی اجلاس میں شرکت کی درخواست کی، جس پر پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کچھ وقت مانگ لیا۔
اس کے بعد بیرسٹر گوہر اور کامران مرتضیٰ کی اسپیکر ایاز صادق سے ان کے چیمبر میں ملاقات ہوئی، ایاز صادق اور کامران مرتضیٰ نے بھی بیرسٹر گوہر سے پارلیمانی کمیٹی کا بائیکاٹ ختم کرنے کی درخواست کی، اس دوران رعنا انصار اور احسن اقبال بھی اسپیکر چیمبر میں موجود رہے جبکہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سپیکر کی درخواست کے باوجود نہ آئے۔
بالآخر حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات ناکام ہوئے اور بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم آئینی ترمیم کو نہیں مانتے، پی ٹی آئی کا سیاسی کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہے۔
اس کے بعد پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے ممبران کے بنا ہی رات 9 بجے ججز تقرری کیلئے بنائی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوا، جس میں کمیٹی نے جسٹس یحیٰ آفریدی کے نام پر اتفاق متوقع ہے۔
اتفاق کے بعد نام اسپیکر وزیراعظم کو بھیجیں گے، وزیراعظم صدر کو ایڈوائس کریں گے اور پھر صدر کی منظوری سے جسٹس یحیٰ آفریدی چیف جسٹس تعینات ہوں گے۔
خیال رہے کہ صدر مملکت کے دستخط کرنے کے ساتھ ہی 26 ویں آئینی ترمیم لاگو ہونے کے بعد چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کیلٸے آرٹیکل 175 اے کی شق 3 اے کی ذیلی شق 1 اور 2 کے تحت 12 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کمیٹی دی گئی تھی۔ جس کیلئے تمام پارلیمانی جماعتوں کی جانب سے اپنے نمائندگان کے نام دیئے گئے۔
12 رکنی کمیٹی 8 ممبران قومی اسمبلی اور چار سینیٹرز پر مشتمل ہے۔ کمیٹی میں شامل اراکین اسمبلی میں ن لیگ کے خواجہ آصف، احسن اقبال، شائستہ پرویز ملک، پیپلز پارٹی سے راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ایم کیو ایم سے رعنا انصر، پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر علی خان، سنی اتحاد کونسل سے صاحبزادہ حامد رضا شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، کمیٹی میں چار سینیٹر بھی شامل ہیں، جن میں پیپلز پارٹی کے فاروق حامد نائیک، ن لیگ کے اعظم نذیر تارڑ، پی ٹی آئی کے بیرسٹر علی ظفر اور جے یو آئی کے کامران مرتضیٰ شامل ہیں۔
مزیدپڑھیں :عدالت کیجانب سے ’ایکس‘ کی بندش سے متعلق حکومت سے نئی رپورٹ طلب

