اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو تاریخ کا وہ سبق سکھایا جو ان کی آنے والی نسلیں بھی قیامت تک یاد رکھیں گے، جس طرح 14 اگست 1947 کو ایک نئے آزاد ملک نے جنم دیا ایسے ہی 10 مئی 2025 کو ایک نئی قوم سامنے آئی، معرکہ حق نے ثابت کردیا ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر جو آزادی حاصل کی تھی ، ہم اس کی حفاظت کرنے کی پوری صلاحیت اور طاقت رکھتے ہیں۔
پاکستان کے 78ویں جشن آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے اسلام آباد جناح گراؤنڈ میں پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت شریک ہے۔
تقریب میں اس کے علاوہ، اعلیٰ عسکری قیادت اور دوست ممالک کے سفرا شریک ہوئے جب کہ وفاقی وزرا ، ارکان پارلیمنٹ اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب کے دوران تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا جب کہ پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔
پروقار تقریب میں پریڈ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل محمد عمر اعوان نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو پریڈ پیش کی، پریڈ نے مہمان خصوصی کو صدر سلام پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ سب کو یوم آزادی کے 78 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کا دن کوئی عام دن نہیں اس کی طویل تاریخ ہے جس کے ہر موڑ پر ہمارے بزرگوں کی قربانیاں اور شہیدوں کے لہو کی نشانیاں ہر جگہ نظر آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ محض آزادی کی جنگ نہیں تھی بلکہ دو قومی نظریہ کی فتح تھی، تحریک پاکستان کے تمام قائدین اور کارکنان کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جن کی دور اندیش قیادت اور عظیم جدوجہد نے تاریخ بدل ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس جشن آزادی کو معرکہ حق کا نام دیا ہے، حال ہی میں کس طرح بھارت نے ایک جھوٹے اور خود ساختہ الزام کی آڑ لے کر اچانک پاکستان پر حملہ کیا، اسے یہ گھمنڈ تھا کہ وہ اپنی جنگی طاقت کے بدولت پاکستان کو زیر کرلے گا لیکن وہ یہ بھول گیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں کے بل بوتے پر نہیں لڑی جاتیں بلکہ اس کے لیے ایسے نڈر بیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر میدان جنگ میں کود پڑتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ صرف 4 دنوں میں بھارت کا غرور خاک میں مل گیا کیوں کہ اس کا مقابلہ ایسی فوج سے ہوا جس کی پشت پر سپاہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹس چیف اسٹاف آف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور ایئر چیف مارشل ظہیر بابر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف جیسے بہادر اور قابل عسکری سالار کھڑے تھے اور ان کی کمان میں وہ جوان تھے جنہوں نے بھارت کو تاریخ کا وہ سبق سکھایا جو ان کی آنے والی نسلیں بھی قیامت تک یاد رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ بہادر نوجوان ہے جو دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر لڑتے ہیں اور ان کی مائیں اس دعا کے ساتھ انہیں گھروں سے رخصت کرتی ہیں کہ بیٹا اپنی جان دے دینا لیکن وطن کی آزادی ، سلامتی اور شان پر کبھی آنچ نہ آنے دینا، بھلا ایسی قوم کو کوئی شکست دے سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر قوم کا وہ عظیم بیٹا ہے جس نے بھارت کے جنگی جنون کے خلاف ایسی دلیرانہ اور دانشمندانہ حکمتی عملی بنائی جس کا اعتراف دوست اور دشمن سب کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح 14 اگست 1947 کو ایک نئے آزاد ملک نے جنم دیا ایسے ہی 10 مئی 2025 کو ایک نئی قوم سامنے آئی، معرکہ حق نے ثابت کردیا ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر جو آزادی حاصل کی تھی ، ہم اس کی حفاظت کرنے کی پوری صلاحیت اور طاقت رکھتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:وفاقی حکومت کی سنجیدہ ڈائیلاگ کی نیت نظر نہیں آتی، علی محمد خان

