Search
Close this search box.
پیر ,22 جون ,2026ء

ضمنی انتخابات ٹیکس دہندگان کے پیسے کا ضیاع ہیں، فوادچوہدری

اسلام آباد(اے بی این نیوز)سینئر سیاستدان فواد چوہدری نے موجودہ ضمنی انتخابات، کم ٹرن آؤٹ اور انتخابی نظام پر عوامی بےاعتمادی کے حوالے سے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل اپنی اصل روح کھو چکا ہے، اور موجودہ الیکشن کمیشن کے تحت ہونے والے انتخابات کی نہ کوئی حیثیت ہے اور نہ اہمیت۔ ان کے مطابق ملک میں سیاسی ماحول اس قدر بگڑ چکا ہے کہ عوام کی بڑی تعداد نے انتخابی عمل سے دل اٹھا لیا ہے۔

اے بی این نیوز کے پروگرام ڈی بیٹ ایٹ 8 میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کروانے کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ عوام فیصلہ کریں کہ وہ کس کی نمائندگی چاہتے ہیں، مگر جب ’’انتخابات اس طرح کرائے جائیں کہ صرف مخصوص گروہ حصہ لے سکے‘‘ تو عوام کے پاس اعتماد کرنے کی کوئی وجہ باقی نہیں رہتی۔ انہوں نے موجودہ انتخابی عمل کو 1985 کے ریفرنڈم سے بھی بدتر قرار دیا۔

سابق وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے ضمنی انتخابات ٹیکس دہندگان کے پیسے کا ضیاع ہیں، کیونکہ جب بڑے سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو میدان سے باہر رکھا جائے اور مخالفین کو گرفتار کر کے انتخابی عمل کا مذاق بنایا جائے تو ایسے انتخابات ملک میں جمہوری عمل کو مضبوط کرنے کے بجائے مزید نقصان پہنچاتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کا دفاع

فواد چوہدری نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا انتخابات سے بائیکاٹ ’’بالکل درست فیصلہ‘‘ تھا، کیونکہ اگر پارٹی حصہ لیتی تو ’’تمام امیدواروں کو جیل میں ڈال دیا جاتا‘‘۔ ان کے مطابق عمران خان خود بھی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہتے تھے لیکن پارٹی کے چند رہنماؤں نے اس کے برخلاف حکمت عملی اپنائی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عمر ایوب کی اہلیہ کے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ پارٹی قیادت کی پالیسی کے مطابق نہیں تھا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پی ٹی آئی نے صرف ان حلقوں کا بائیکاٹ نہیں کیا جہاں عدالتی فیصلوں کے ذریعے پارٹی کے حق میں فیصلہ آیا تھا۔

عوامی بےاعتمادی بڑھنے پر شدید تشویش

فواد چوہدری نے خبردار کیا کہ عوام کی انتخابی نظام سے بےاعتمادی ملک کے لیے خطرناک ترین صورتحال پیدا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ’’اگر مقابلہ ہی نہیں ہوگا، اگر ایک ہی پارٹی سارے امیدوار بھرتی کرے گی تو عوام کا نظام سے اعتماد مکمل ختم ہو جائے گا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ حکمران اگر ایسے انتخابات کو درست سمجھتے ہیں جن میں ’’پیوٹن یا شمالی کوریا‘‘ جیسی مثالیں سامنے آئیں، تو پھر ملک میں جمہوری عمل کا مستقبل خطرے میں ہے۔

سیاسی رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا

فواد چوہدری نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے عمل کو جاری رکھیں گے۔ ان کے مطابق اگلے ہفتے ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا تاکہ موجودہ سیاسی جمود کو توڑا جا سکے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے اور فوری سیاسی مفاہمت ناگزیر ہو چکی ہے۔
مزیدپڑھیں:پی ٹی آئی کا 26 نومبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان

یہ بھی پڑھیں