Search
Close this search box.
هفته ,06 جون ,2026ء

وزیر ٹرانسپورٹ و گڈز ٹرانسپورٹرز مذاکرات کامیاب، کمرشل گاڑیوں کے چالان عارضی طور پر معطل

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیر ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد کمرشل گاڑیوں پر کیے جانے والے فائن اور چالان فی الحال معطل کر دیے گئے ہیں۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ تمام کمرشل وہیکلز، جن میں پبلک ٹرانسپورٹ، مزدا، شاہزور، ٹرک اور ٹرالہ شامل ہیں، ان پر عارضی طور پر چالان نہیں ہوں گے۔ اگر کوئی کیس سامنے آیا تو فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ پہلے جاری فائلنگ اور چالان کی کچھ تکنیکی وجوہات تھیں جن پر نظر ثانی کی جا رہی ہے، اور اب اس نظام کو ریشنلائز کرنے کے لیے نیا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے جو سب کے لیے قابل قبول ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پرائیویٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے موجودہ قوانین بدستور لاگو رہیں گے۔ ایک طرفہ خلاف ورزی، بغیر ہیلمٹ سفر، کالے شیشے، اور دیگر قوانین کی خلاف ورزیوں پر معمول کے مطابق ہیوی فائن جاری رہیں گے۔ وزیر نے کہا کہ عوام یہ نہ سمجھیں کہ قانون صرف شہریوں کے لیے سخت ہے بلکہ سرکاری گاڑیوں پر بھی ڈبل فائن نافذ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ہر سال تقریباً 5000 افراد ٹریفک حادثات میں جان کی بازی ہار دیتے ہیں جو کہ قتل کے واقعات سے بھی زیادہ ہیں۔ اس صورتحال میں سختی اور قوانین میں بہتری ناگزیر ہے۔

مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی وزیر ٹرانسپورٹ اور ایڈیشنل آئی جی وقاص کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پورا ٹرانسپورٹ کاروبار بند ہونے کے قریب تھا۔ قیادت کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال مؤخر کرنے پر اتفاق کر لیا گیا۔

ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ جن گاڑیوں کے ڈاکومنٹس چیک ہو جائیں گے انہیں ایک خصوصی اسٹیکر جاری کیا جائے گا تاکہ انہیں غیر ضروری روک ٹوک یا چالان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کل دوپہر 12 بجے کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت کا جائزہ لے گی، اور توقع ہے کہ آئندہ 8 سے 10 دن میں تمام مسائل کا حل نکال لیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:عمان میں بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع

یہ بھی پڑھیں