Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

پی ٹی آئی کا سیاسی مفاہمت کے لیے پیپلزپارٹی سے رابطہ کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف سیاسی مفاہمت کے لیے ایک قدم آگے بڑھنے کو تیار ہوگئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے، پیپلزپارٹی سے رابطہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو دو روزہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

قومی کانفرنس میں سیاسی ڈائیلاگ کا راستہ نکالنے پر غور ہوگا، مسلم لیگ ن کو قومی کانفرنس میں دعوت نہیں دی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو مذاکرات کے لیے محمود اچکزئی سمیت رفقا کی بانی سے ملاقات کروانا ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اور امورِ خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی پر سخت تنقید کی۔

خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر اطلاعات نے بتایا تھا کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کسی اور صوبے کی جیل منتقل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے، اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کے روزانہ احتجاج کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے اور پارٹی اس بات پر مضر ہے کہ قیدی نمبر 804 کو کسی اور صوبے کی جیل منتقل کیا جائے۔

اختیار ولی خان نے الزام لگایا تھا کہ پی ٹی آئی ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور احتجاج کے نام پر فتنے اور فساد پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ملکی وقار اور ترقی پر حملہ آور ہو رہے ہیں اور نوجوانوں کو ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:بھارتی دفاعی کمپنیوں کے رہنماؤں کی روس میں خفیہ ملاقاتیں

یہ بھی پڑھیں