اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جیلوں میں قید سیاسی لیڈرز اور کارکنان کو فوری رہا کیا جائے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ قومی مذاکراتی کمیٹی اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی سالمیت، دفاع، سلامتی کے لیے پوری قوم متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس نے قومی سطح پر رابطوں اور بات چیت کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم اگلی نشست کا اعلان کریں گے جو ملتان میں ہوگی، کوشش ہوگی ڈائیلاگ کا سلسلہ ملک گیر سطح پر لے کر جائیں۔
انہوں نے کہا کہ موقع دیا جائے کہ ہم اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کریں، ایک کمیٹی تشکیل دیں گے اور اعتماد سازی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈران کا تقرر کیا جائے۔
سابق وفاقی وزیر محمدعلی درانی نے حکومت اور اپوزیشن میں مفاہمت کا فارمولہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈائیلاگ کے لیے حکومت اور اپوزیشن کی الگ الگ کمیٹیاں بنائی جائیں، مذاکرات تب ہی کامیاب ہوسکتے ہیں جب قیدیوں سے براہ راست بات ہوگی۔
مزیدپڑھیں:سی ڈی اے میں شہری کے قیمتی مکان کی منتقلی کا انکشاف
