اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حج آپریشنز کو مکمل ڈیجیٹل بنانے کی جانب اہم قدم اٹھا لیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور اور وزارت آئی ٹی کے درمیان حج ڈیجیٹلائزیشن کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر آئی ٹی شازہ فاطمہ خواجہ، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق نے ایم او یو پر دستخط کئے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق حج کے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنایا جا رہا ہے۔ ڈیجیٹل نظام غیر ضروری تاخیر اور انسانی غلطیوں کو ختم کرے گا۔ اس اقدام سے بین الاقوامی سطح کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شازہ فاطمہ نے کہا کہ آئندہ سال حج درخواست سے لے کر وطن واپسی کے لیے اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا جائے گا اور درخواست گزاروں کے لیے آسان اور آسانی سے سمجھنے والا آن لائن حج پورٹل قائم کیا جائے گا۔
ایم او یو کے تحت پاک حج موبائل ایپ کو مزید بہتر اور سمجھنے میں آسان بنایا جائے گا۔ پورٹل کے ذریعے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان موثر رابطے اور سعودی ٹائم لائنز کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:زکوٰۃ اور فطرانہ میں کیا فرق ہے؟ جانیں اہم تفصیلات




