پاکستانی ڈاکٹرز نے الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال میں قبل از وقت پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کی بینائی بچا کر اہم کامیابی حاصل کی۔ یہ بچے وقت سے پہلے پیدا ہوئے تھے اور ان کی بینائی کو شدید خطرہ لاحق تھا۔
سات ماہ کے جڑواں بچوں ابراہیم اور اسماعیل میں ریٹینوپیتھی آف پریمیچیورٹی کی تشخیص ہوئی۔ ڈاکٹروں نے فوری طور پر علاج شروع کیا جس سے ان کی بینائی کو مستقل نقصان سے محفوظ بنا لیا گیا۔
بچوں کی والدہ نے کہا کہ بروقت علاج کی وجہ سے ان کے بچوں کی آنکھوں کی روشنی محفوظ ہو گئی۔ انہوں نے ڈاکٹروں کی کاوشوں کو سراہا۔
ڈاکٹر امجد کے مطابق قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی آنکھوں کا معائنہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال تقریباً دس لاکھ بچے وقت سے پہلے پیدا ہوتے ہیں اور کم وزن والے بچوں کو زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آکسیجن کا متوازن استعمال اس بیماری کے خطرات کو کم کر سکتا ہے۔ اسپتال کے خصوصی پروگرام کے تحت اب تک انیس ہزار بچوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔




