منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد(Movable and immovable) کے فرق سے متعلق عوامی سطح پر آگاہی کی ضرورت ایک بار پھر اجاگر ہو گئی ہے، کیونکہ جائیداد کے معاملات میں اکثر قانونی پیچیدگیاں اسی بنیادی فرق کو نہ سمجھنے کے باعث پیدا ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق منقولہ جائیداد وہ ہوتی ہے جسے ایک جگہ سے دوسری جگہ باآسانی منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اس میں گاڑی، موبائل فون، فرنیچر، سونا اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں، جو کسی زمین کے ساتھ مستقل طور پر منسلک نہیں ہوتیں۔ اس کے برعکس غیر منقولہ جائیداد میں زمین، مکان، پلاٹ، دکان یا عمارتیں شامل ہوتی ہیں، جنہیں اپنی جگہ سے منتقل نہیں کیا جا سکتا۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جائیداد کی منتقلی کے معاملات عموماً Transfer of Property Act 1882 اور Registration Act 1908 کے تحت طے پاتے ہیں۔ منقولہ جائیداد کی منتقلی نسبتاً آسان ہوتی ہے اور اکثر صرف حوالگی یا سادہ معاہدے کے ذریعے مکمل ہو جاتی ہے، جبکہ غیر منقولہ جائیداد کے لیے باقاعدہ رجسٹریشن اور قانونی دستاویزات ناگزیر ہوتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:پاکستان کی جنوبی ایشیا سے ’گریٹر مڈل ایسٹ‘ منتقلی، کیا فائدہ یا نقصان ہوگا؟
ٹیکس ماہرین کے مطابق Income Tax Ordinance 2001 کے تحت بھی دونوں اقسام کی جائیداد پر مختلف انداز سے ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔ منقولہ جائیداد جیسے بینک بیلنس، گاڑی یا سونے کو ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں ظاہر کرنا ضروری ہوتا ہے، جبکہ بعض صورتوں میں ان پر کیپیٹل گین ٹیکس بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت پر کیپیٹل گین ٹیکس، کرایہ پر دینے کی صورت میں رینٹل انکم ٹیکس اور خریداری کے وقت ودہولڈنگ ٹیکس بھی لاگو ہو سکتا ہے۔
وراثتی معاملات میں بھی دونوں کے درمیان واضح فرق موجود ہے۔ ماہرین کے مطابق منقولہ جائیداد جیسے نقد رقم اور زیورات آسانی سے وارثوں میں تقسیم ہو جاتے ہیں، جبکہ غیر منقولہ جائیداد کی تقسیم کے لیے باقاعدہ قانونی عمل، انتقال اور حد بندی ضروری ہوتی ہے، جس کے باعث اکثر تنازعات جنم لیتے ہیں۔
ماہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عوام جائیداد کی ان بنیادی اقسام اور ان سے متعلق قوانین کو سمجھیں تاکہ خرید و فروخت، ٹیکس اور وراثت کے معاملات میں پیش آنے والی مشکلات سے بچا جا سکے۔




