Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

اسلام آباد مذاکرات: ریڈ زون سیل اور ٹریفک کا جامع پلان نافذ، ایڈوائزری جاری

اسلام آباد(Islamabad) میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کے باعث سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جس کے تحت ریڈ زون اور اس سے ملحقہ علاقوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ہنگامی ایڈوائزری کے مطابق کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ سری نگر ہائی وے پر بھی مخصوص اوقات میں آمد و رفت محدود یا معطل کی جا سکتی ہے۔ شہر میں داخل ہونے والی ہیوی ٹریفک پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل روٹس اختیار کریں یا سفر مؤخر کریں۔

ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے شہریوں کو متبادل راستے بھی تجویز کیے گئے ہیں۔ جی فائیو، جی سکس، جی سیون، ایف سکس اور ایف سیون کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ کے ذریعے نائنتھ ایونیو استعمال کریں گے، جبکہ فیصل ایونیو سے آنے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی طرف موڑا جائے گا۔

زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک بندش کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے، نائنتھ ایونیو اور اسٹیڈیم روڈ کے ذریعے مری روڈ یا راول روڈ کا رخ کر سکتے ہیں۔ اسی طرح پارک روڈ اور کلب روڈ کے درمیان ٹریفک کو ترامڑی چوک کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گا، جبکہ بھارہ کہو کے رہائشی کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کر سکیں گے۔

مزیدپڑھیں:محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں ’’ہیٹ برسٹ‘‘ کی پیشگوئی

راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے والوں کو کرنل شیر خان روڈ، فقیر ایپی روڈ اور نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہیوی ٹریفک کے لیے بھی طویل متبادل روٹس مقرر کیے گئے ہیں، جن کے تحت پشاور سے لاہور جانے والی گاڑیوں کو ٹیکسلا سے موٹروے اور چکری کے راستے روات بھیجا جائے گا، جبکہ لاہور سے پشاور جانے والی ٹریفک کو بھی اسی طرز کے متبادل راستے اختیار کرنے ہوں گے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ اپ ڈیٹس پر عمل کریں، جبکہ تازہ صورتحال کے لیے سوشل میڈیا اور ایف ایم ریڈیو سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں۔

یہ بھی پڑھیں