اسلام آبادہائی کورٹ (Islamabad High Court )نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان( Imran Khan )کی سزا معطلی کی درخواست نمٹا دی ہے، جبکہ کیس کی مرکزی اپیلوں کی سماعت کے لیے 7 مئی کی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ جب مرکزی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر ہو چکی ہیں تو سزا معطلی کی درخواستیں غیر مؤثر ہو جاتی ہیں، اسی بنیاد پربشریٰ بی بی (Bushra Bibi) کی درخواست بھی نمٹا دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے یہ استدعا بھی مسترد کر دی کہ سزا معطلی کی درخواستوں کو مرکزی اپیلوں سے پہلے سنا جائے۔
کیس کی آئندہ سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کرے گا، جہاں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی اپیلوں پر تفصیلی دلائل سنے جائیں گے۔
یاد رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں احتساب عدالت پہلے ہی عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا چکی ہے، جبکہ اسی کیس میں بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی تھی۔
